سپیس ایکس کے فالکن 9 راکٹ کا حصہ ممکنہ طور پر چاند سے ٹکرا گیا
امریکی خلائی کمپنی سپیس ایکس کے فالکن 9 راکٹ کا ایک بڑا حصہ ممکنہ طور پر چاند کی سطح سے ٹکرا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق راکٹ کا یہ حصہ کئی ماہ تک خلا میں بے قابو انداز میں گردش کرنے کے بعد چاند کے تصادمی راستے پر آ گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق راکٹ کا بالائی حصہ تقریباً پانچ منزلہ عمارت کے حجم کے برابر تھا، جس کا وزن تقریباً 4 ہزار کلوگرام بتایا جا رہا ہے۔ ٹکر کے وقت اس کی رفتار تقریباً 2.43 کلومیٹر فی سیکنڈ تھی، جو تقریباً 5400 میل فی گھنٹہ کے برابر بنتی ہے۔
یہ راکٹ جنوری 2025 میں امریکا اور جاپان کے مشترکہ خلائی مشن کے تحت خلا میں بھیجا گیا تھا۔ فالکن 9 راکٹ کا مقصد چاند پر بھیجے جانے والے دو خلائی لینڈرز کو زمین کے مدار سے نکل کر چاند کی جانب سفر کیلئے ضروری رفتار فراہم کرنا تھا۔
مشن مکمل ہونے کے بعد راکٹ کا یہ حصہ خلا میں موجود رہا اور کسی کنٹرول کے بغیر اپنے مدار میں گردش کرتا رہا۔ ماہرین کے مطابق گزشتہ تقریباً 18 ماہ کے دوران چاند اور سورج کی کششِ ثقل کے اثرات کے باعث اس کا راستہ تبدیل ہوتا گیا، جس کے نتیجے میں یہ چاند سے ٹکرانے کے ممکنہ راستے پر پہنچ گیا۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ چاند کے قریب موجود کوئی خلائی مشن اس مقام پر موجود نہیں تھا جو اس تصادم کی براہ راست ویڈیو یا تصاویر حاصل کر سکتا۔ تاہم ماہرین اب چاند کی سطح کی پہلے اور بعد کی تصاویر کا موازنہ کریں گے تاکہ ممکنہ طور پر بننے والے گڑھے یا دیگر تبدیلیوں کا مشاہدہ کیا جا سکے۔
PNP
Comments are closed.