بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کے موجودہ ٹیسٹ کپتان بابر اعظم نے سابق کپتان عمران خان کا تاریخی ریکارڈ برابر کردیا۔
گزشتہ روز پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی اس سیریز میں کپتان بابر اعظم نے 4 اننگز میں 193 رنز بنائے، سیریز میں ان کی اوسط 96.50 رہی اور وہ سیریز کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے۔
بابر اعظم نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 23 رنز بنائے اور دوسری اننگز میں ذمہ دارانہ نصف سنچری اسکور کی۔ دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انہوں نے 88 اور سیریز کی آخری اننگز میں 30 گیندوں پر ناقابلِ شکست 24 رنز بنائے۔
ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر بابر اعظم کو ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز کے ساتھ مشترکہ طور پر پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔
اس کے ساتھ ہی بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ پلیئر آف دی سیریز ایوارڈز جیتنے کا تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا۔
یہ بابر اعظم کے ٹیسٹ کیریئر کا پہلا پلیئر آف دی سیریز ایوارڈ تھا، جبکہ مجموعی طور پر یہ ان کا 10واں ایوارڈ ہے۔
اس سے قبل وہ 5 مرتبہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور 4 مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل میں یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
یوں بابر اعظم نے عمران خان اور وسیم اکرم کے ساتھ مشترکہ طور پر پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ 10 پلیئر آف دی سیریز ایوارڈز جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا، جبکہ وقار یونس اس فہرست میں 9 ایوارڈز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔
PNP
Comments are closed.