by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ایران نے قطر میں قید 3 پائلٹوں کی رہائی مانگ لی

ایران نے قطر میں زیرحراست تین ایرانی پائلٹوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ پائلٹ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے دوران قطر میں گرفتار کیے گئے تھے۔

ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق ایرانی مسلح افواج کے جنرل محمد باقر زادہ نے دعویٰ کیا ہے کہ قطری فورسز نے ایرانی Su-24 طیاروں کے حادثات کے بعد تین پائلٹوں کو زندہ گرفتار کیا تھا۔

جنرل محمد باقر زادہ نے بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس کو خط لکھ کر بتایا کہ جواد صالحی، عبدالمجید دشتیان اور عمران بہرویشان مبینہ طور پر گزشتہ چھ ماہ سے قطری حکام کی تحویل میں ہیں۔

خط میں ایران کی جانب سے تینوں پائلٹوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ ایرانی جنرل نے الزام عائد کیا کہ زیرحراست پائلٹوں کو اہل خانہ سے ملاقات یا رابطے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ ایرانی فوج نے بتایا تھا کہ ماجد کاظمی نامی ایک ایرانی پائلٹ کی لاش برآمد کرلی گئی ہے، جو مارچ کے اوائل میں قطر کے العدید ایئر بیس پر ہونے والے حملے میں ہلاک ہوا تھا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ جنگ کے دوران کئی ایرانی پائلٹ لاپتہ ہوئے تھے، تاہم ان میں سے تین کی مبینہ گرفتاری کی تفصیلات اب سامنے آئی ہیں۔

PNP

Comments are closed.