بیلجیئم میں سیوریج کی کھدائی کے دوران کروڑوں روپے مالیت کا سونا برآمد
برسلز: بیلجیئم میں سیوریج نظام کی تعمیر کے لیے جاری کھدائی کے دوران مزدوروں کو بڑی مقدار میں سونا مل گیا، جس کی مالیت لاکھوں یورو بتائی جا رہی ہے۔
یہ حیران کن دریافت مشرقی فلیمش کے شہر ڈینڈرمونڈ میں ایک زیر تعمیر عمارت کی مرمت کے دوران ہوئی۔ تعمیراتی کارکنوں نے سونے کی بڑی مقدار سامنے آنے کے بعد فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس کی جانب سے جاری تصاویر میں تقریباً 50 سونے کی سلاخیں اور بڑی تعداد میں سونے کے سکے دکھائی دیتے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق خزانے میں موجود سونے کی مجموعی مالیت تقریباً 9 ملین یورو، یعنی ایک کروڑ ڈالر سے زائد بنتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق سونے کی سلاخیں اور سکے ایک مقامی فلاحی ادارے کی ملکیت عمارت کے تہہ خانے کی دیواروں کے اندر چھپائے گئے تھے۔
ایک تعمیراتی کارکن نے بتایا کہ سونا ملنے پر عملہ حیران رہ گیا کیونکہ کسی کو بھی کھدائی کے دوران ایسی قیمتی چیز ملنے کی توقع نہیں تھی۔
پولیس نے سونے کی مکمل فہرست تیار کرنے کے بعد اسے وفاقی حکام کی ایک محفوظ تجوری میں منتقل کردیا ہے۔ حکام نے تعمیراتی مقام کو گھیرے میں لے کر لوگوں کو وہاں جانے سے بھی روک دیا ہے۔
پولیس کے مطابق سونے کی دریافت کی خبر سامنے آنے کے بعد خزانے کے متلاشی افراد اس مقام کا رخ کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں، اس لیے عوام کو زیر تعمیر جگہ سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ دریافت ہونے والے خزانے کا قانونی مالک کون ہوگا اور آیا اس میں سے کسی حصے پر تعمیراتی کارکنوں یا کسی اور شخص کا حق بنتا ہے۔ متعلقہ حکام اس معاملے کا قانونی جائزہ لے رہے ہیں۔
PNP
Comments are closed.