by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ایم کیو ایم کی سیاست ہمیشہ مفادات، سازشوں کے گرد گھومتی ہے: وقار مہدی

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم کی سازشیں کرنے والے پہلے اپنا سیاسی قد اور پوزیشن دیکھیں۔

مصطفیٰ کمال کے بیان پر ردعمل میں سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ کراچی کو تباہ کرنے والے آج نئے انتظامی یونٹس اور ملکی بقا کی باتیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے شہر میں امن قائم کر کے نو گو ایریاز ختم کیے اور ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ متحدہ کی سیاست ہمیشہ اپنے مفادات اور سازشوں کے گرد گھومتی رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک وقت میں کہا گیا کہ کراچی میں ترقیاتی کام نہیں ہو رہے، اس لیے شہر کو وفاق کے حوالے کیا جائے، لیکن جب کراچی میں ترقیاتی کاموں کی رفتار دیکھی گئی تو سندھ کو تقسیم کرنے کی بات شروع کردی گئی۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب شہر میں روزانہ قتل عام، بھتہ خوری، بوری بند لاشیں اور جلاؤ گھیراؤ ہوتا تھا، تب کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی بات کیوں نہیں کی گئی؟

وقار مہدی نے کہا کہ آج اگر انہیں شہر کی میئر شپ دے دی جائے تو ان سے بڑا کوئی قوم پرست نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے کراچی کو امن دیا، نو گو ایریاز ختم کیے، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیا اور ترقیاتی کام کروائے۔

انہوں نے مصطفیٰ کمال سے کہا کہ عوام کو گمراہ کرنے کے بجائے اپنی جماعت کی ناکام اور منفی سیاست کا جائزہ لیں۔



PNP

Comments are closed.