by Rao Imran Suleman
Rao Nama

گنی میں کچرے کا بڑا ڈھیر مکانات پر جاگرا، 30 افراد ہلاک، 22 زخمی

گنی کے دارالحکومت کوناکری میں شدید بارش کے بعد کچرے کا ایک بڑا ڈھیر قریبی گھروں پر گرنے سے کم از کم 30 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 22 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

حکومت کے مطابق حادثہ دارالسلام کے علاقے میں رات گئے پیش آیا۔ شدید بارش کے بعد تقریباً رات دو بجے کچرے کا ڈھیر اچانک قریبی آبادی پر آ گرا، جس کے باعث متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔

واقعے کے بعد امدادی ٹیموں کے ساتھ فوجی اہلکار بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش شروع کردی۔ بھاری مشینری کے ذریعے کچرے کے بڑے ڈھیر کو ہٹا کر ممکنہ زندہ افراد کی تلاش کی جارہی ہے۔

حکام کے مطابق زخمی ہونے والے 22 افراد میں سے 6 کی حالت تشویشناک ہے۔ مقامی انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملبے سے مزید افراد ملنے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔

ایک متاثرہ خاتون نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ حادثے میں اس کے پانچ بچے جان کی بازی ہار گئے۔

گنی کے وزیراعظم مامادو اوری باہ نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ مقامی رہنماؤں نے بھی بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور حکام ملبے تلے دبے دیگر افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

 

PNP

Comments are closed.