کراچی(پی این پی)سندھ میں زخمی افراد کو فوری طبی امداد کی فراہمی سے متعلق قانون کے حوالے سے آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ انجرڈ پرسنز کمپلسری میڈیکل ٹریٹمنٹ ایکٹ سے متعلق آگاہی مہم سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن اور راہِ عمل ٹرسٹ کے اشتراک سے شروع کی گئی ہے، جس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نجی ہسپتال میں علاج مہنگا ہونے کی صورت میں حکومت اخراجات برداشت کرے گی، جبکہ گن شاٹ یا جلنے کے زخمی مریض کو نجی ہسپتال پہنچنے پر فوری طبی امداد دی جائے۔
عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ نجی ہسپتال میں علاج کی استطاعت نہ رکھنے والے مریض کو طبی امداد دینے کے بعد سرکاری ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکو لیگل ایکٹ اور قانون سے پولیس کو بھی آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر صحت سندھ نے کہا کہ حادثات میں لوگ زخمیوں کی مدد سے اس خوف کے باعث گریز کرتے ہیں کہ پولیس انہیں نہ پکڑ لے۔ پولیس اور عوام میں آگاہی پیدا کرکے حادثات میں زخمیوں کی مدد کرنے کا خوف دور کرنا ہے۔
عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ زخمی افراد کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے سروسز ہسپتال کے حوالے سے کہا کہ سروسز ہسپتال بند نہیں ہورہا بلکہ اسے کے ایم سی ہسپتال میں شفٹ کیا جارہا ہے۔
وزیر صحت سندھ نے کہا کہ سروسز ہسپتال میں جو ڈاکٹرز ہوتے ہیں وہ کام نہیں کرنا چاہتے۔ وہ وہاں بیٹھنا چاہتے ہیں جہاں او پی ڈی چل رہی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کو 3 کمروں سے زیادہ کیا ضرورت ہے۔
PNP
Comments are closed.