by Rao Imran Suleman
Rao Nama

شجاعت اور مہارت: 23 سالہ خاتون پائلٹ نے طیارہ سمندر میں اتار کر سینکڑوں جانیں بچا لیں،ویڈیو وائرل

امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحل پر اس وقت ایک سنسنی خیز واقعہ پیش آیا جب ایک 23 سالہ خاتون پائلٹ فیتھ ٹینکلی نے انجن میں اچانک خرابی کے بعد غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے سنگل انجن طیارے کو آبادی اور شائقین سے دور بحر اوقیانوس کے پانی میں بحفاظت اتار دیا۔

تفصیلات کے مطابق فیتھ ٹینکلی اپنے خاندانی طیارے پر فورٹ مائرز سے بہاماس اپنے والدین کو لینے جا رہی تھیں کہ دورانِ پرواز انجن نے کام کرنا چھوڑ دیا۔ اس وقت ساحل پر بڑی تعداد میں فیملیز پکنک منانے میں مصروف تھیں۔ صورتحال کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے کم عمر پائلٹ نے حواس باختہ ہونے کے بجائے کمالِ ضبط کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے طیارے کا رخ ساحلی عمارتوں اور ہجوم سے موڑ کر سمندر کی طرف کر دیا اور اسے بتدریج نیچے لاتے ہوئے پانی کی سطح پر لینڈ کرا دیا۔

طیارہ بحر اوقیانوس میں اترتے ہی فیتھ خود ہی باہر نکلیں اور ساحل کی جانب تیرنا شروع کر دیا۔ انہوں نے طویل اسکرٹ کے نیچے سوئم سوٹ پہن رکھا تھا، لہٰذا انہوں نے آسانی سے تیرنے کے لیے اسکرٹ اتار دیا اور محفوظ طریقے سے ساحل تک پہنچ گئیں۔ اسی دوران امدادی اہلکار اور لائف گارڈز بھی موقع پر پہنچ گئے، تاہم طبی معائنے کے بعد تصدیق کی گئی کہ پائلٹ بالکل محفوظ ہیں اور انہیں کوئی چوٹ نہیں آئی۔

عینی شاہدین اور مقامی حکام نے خاتون پائلٹ کی اس مہارت اور حاضر دماغی کو شدید سراہا۔ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر یہ غلط فہمی بھی پھیلی کہ شاید طیارہ کوئی مرد چلا رہا تھا اور اسے کسی سرفر خاتون نے بچایا، تاہم فیتھ نے خود اس کی وضاحت کی۔ ماہرین اور مقامی پائلٹس کے مطابق ہنگامی صورتحال میں آخری لمحے تک طیارے کو قابو میں رکھ کر کسی جانی نقصان کے بغیر پانی میں اتارنا انتہائی قابلِ تحسین اقدام ہے۔



PNP

Comments are closed.