by Rao Imran Suleman
Rao Nama

نئی امریکی پابندیاں لاکھوں ایرانیوں کے لیے خطرہ ہیں:ایرانی وزارت خارجہ

تہران: ایران نے امریکا کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی اقتصادی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ریاستی دہشتگردی اور انسانیت کے خلاف اقدام قرار دیا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ امریکی پابندیوں میں تعاون کرنا واشنگٹن کے غیر قانونی اقدامات میں مدد کے مترادف ہوگا۔ وزارت نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ایران کے خلاف امریکی پابندیوں پر عمل درآمد سے گریز کرے۔

ایرانی حکام کے مطابق نئی پابندیوں کے باعث لاکھوں ایرانی شہریوں کی صحت، روزگار اور معاشی حالات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خطے کے ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر علاقائی ریاستوں کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔

ایرانی صدر کے مطابق عبوری معاہدے کے نفاذ کے دوران ایران نے تقریباً 9 کروڑ بیرل تیل فروخت کیا۔

اس سے قبل تہران میں بین الاقوامی اسلامی اتحاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا تھا کہ اسلامی ممالک کو خطے کی سلامتی کے معاملات خود سنبھالنے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ممالک کو ایک دوسرے کی سلامتی کو نقصان نہ پہنچانے کے عزم کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔

ادھر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے ملک میں قومی اتحاد اور سماجی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے ایسی سرگرمیوں اور بیانات سے گریز کرنے کی ہدایت کی جو عوامی حوصلے کو متاثر یا معاشرتی یکجہتی کو کمزور کر سکتے ہیں۔

ایرانی سپریم لیڈر نے ڈالر پر انحصار کم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی اتحاد کے ذریعے مخالفین کے بیانیے کا مقابلہ کیا جائے گا۔

PNP

Comments are closed.