by Rao Imran Suleman
Rao Nama

افواہیں بیچ کر کولمبین خاتون نے 2 گھر خرید لیے

لاطینی امریکی ملک کولمبیا سے تعلق رکھنے والی 69 سالہ میریام افواہیں فروخت کرکے رقم کماتی ہیں اور ان کا دعویٰ ہے کہ وہ اسی کاروبار سے اب تک دو گھر خرید چکی ہیں۔

میریام کا تعلق کولمبیا کے خطے قیندیو کے علاقے بریساس ڈی آرمینیا سے ہے، جہاں ان کا افواہیں فروخت کرنے کا کاروبار تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔

وہ اپنے علاقے کے چائے خانے میں بیٹھ کر لوگوں کی گفتگو سنتی اور نوٹ بک میں لکھتی رہتی ہیں۔ ان کے مطابق وہ افواہ کے مواد کے حساب سے 5 سے 10 ہزار کولمبین پیسو وصول کرتی ہیں۔

ایک انٹرویو کے دوران میریام نے بتایا کہ وہ گھر سے باہر ایسی جگہوں پر بیٹھتی ہیں جہاں اطلاعات ان تک پہنچتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں گپ شپ سے محبت ہے اور وہ ایک پروفیشنل افواہ ساز ہیں۔

میریام کے مطابق نوٹ بک میں معلومات درج کرنے سے انہیں نہ صرف مستند کہانیاں سنانے میں مدد ملتی ہے بلکہ یہ ان کے لیے ثبوت کا کام بھی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی سے بات چیت کررہی ہوں تب بھی ان کے کان لوگوں کی گفتگو سن رہے ہوتے ہیں۔

ان کی سب سے مہنگی افواہ 7 لاکھ کولمبین پیسو میں فروخت ہوئی تھی، جس کے عوض انہوں نے ایک شخص کی بیوی سے بے وفائی کو چھپایا تھا۔

میریام نے بتایا کہ کامیابی کے باوجود انہیں اپنے علاقے میں مسابقت کا سامنا ہے کیونکہ لوگ ان کے کاروباری ماڈل کی نقل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ وہ شواہد کے بغیر کچھ نہیں کہتیں۔

علاقے میں میریام کو کوئین آف گوسپ کہا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ افواہ سازی ان کی زندگی کا حصہ ہے اور ان کے خون میں دوڑتی ہے۔

PNP

Comments are closed.