by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پاک بھارت جنگ میں 11 طیارے گرائے گئے،تمام جنگیں رکوانا میرے لیے اعزاز ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ایک اور فوجی آپریشن کے امکان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کو جلد ختم کر سکتا ہے، تاہم فیصلہ یہ کرنا ہے کہ جنگ ختم کی جائے یا ایران پر مزید دباؤ ڈالا جائے۔

فلوریڈا میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل جاری ہے اور امریکہ وہاں سے اپنی مرضی کے مطابق تیل حاصل کر رہا ہے۔

امریکی صدر کے مطابق ایران کو معاشی مشکلات، مہنگائی اور مالی دباؤ کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے معاملے کے بعد کیوبا سے بھی نمٹا جائے گا۔

ٹرمپ نے اپنے خطاب میں جنگیں رکوانے کے لیے ٹیرف کے استعمال کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ٹیرف کے ذریعے آٹھ میں سے پانچ جنگیں رکوانے میں کردار ادا کیا، تاہم اس کے باوجود انہیں نوبیل انعام نہیں دیا گیا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان جنگ رکوانے کے لیے تجارتی پابندیوں اور بھاری ٹیرف کی دھمکی دی تھی۔ ان کے بقول، انہوں نے دونوں ممالک کو پیغام دیا تھا کہ اگر جنگ نہ روکی گئی تو تجارت پر بھاری ٹیرف عائد کیے جائیں گے۔

ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ کے دوران 11 طیارے گرائے جانے کا دعویٰ بھی کیا، تاہم اپنے خطاب میں اس تعداد کی مزید تفصیلات بیان نہیں کیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ جنگیں رکوانا اعزاز کی بات ہے اور ان کے بقول اقوام متحدہ نے ان کوششوں میں کوئی مدد نہیں کی۔

PNP

Comments are closed.