by Rao Imran Suleman
Rao Nama

عراق کا ایران کے ساتھ 3 سرحدی گزرگاہیں کھولنے کا اعلان

بغداد: عراق نے ایران کے ساتھ عارضی طور پر بند کی گئی تین سرحدی گزرگاہوں کو مرحلہ وار دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام سعودی عرب کی اہم آئل پائپ لائن پر ڈرون حملے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔

عراقی سکیورٹی حکام کے مطابق حملے کے بعد ایران سے متصل صوبے میسان میں ڈرونز کے لانچ کیے جانے سے متعلق شواہد سامنے آئے تھے، جس کے بعد سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے ساتھ تحقیقات بھی شروع کردی گئی تھیں۔

حکام کے مطابق سکیورٹی اور انٹیلی جنس اقدامات کو بہتر بنانے کے لیے شلامچہ، الشیب اور مندلی کی سرحدی گزرگاہیں عارضی طور پر بند کی گئی تھیں۔ ضروری انتظامات مکمل ہونے کے بعد ان راستوں پر آمدورفت بحال کی جا رہی ہے۔

عراقی حکام کا کہنا ہے کہ شلامچہ اور الشیب سے مسافروں کی آمدورفت اتوار سے بحال کردی گئی ہے، جبکہ تجارتی سرگرمیوں کی مکمل بحالی مرحلہ وار عمل میں لائی جائے گی۔

سعودی عرب نے الزام عائد کیا ہے کہ عراق سے لانچ کیے گئے ڈرونز نے اس کی مشرقی-مغربی آئل پائپ لائن کو نشانہ بنایا۔ تاہم کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ ایران نواز عراقی مسلح گروہوں کے اتحاد نے بھی حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔

خطے میں سکیورٹی صورتحال پہلے ہی حساس ہے اور سعودی تیل تنصیبات پر حملے کے بعد ایران، عراق اور خلیجی ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

PNP

Comments are closed.