by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ایشین گیمز: پاکستان کے گھوڑے ایڈن ڈو ویریٹ کی جاپان بحفاظت آمد

پاکستان کے ایکویسٹرین ایتھلیٹ عثمان خان کا گھوڑا ایڈن ڈو ویریٹ المعروف میراج ایشین گیمز میں شرکت کے لیے بحفاظت جاپان پہنچ گیا، تاہم گھوڑے کے ضروری سامان اور طبی کٹس کی ایک کھیپ کی ترسیل میں تاخیر کا سامنا ہے۔

پاکستان ایشین گیمز میں پہلی مرتبہ اولمپک ڈسپلن ایونٹنگ میں شرکت کرے گا، جہاں عثمان خان اور ایڈن ڈو ویریٹ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ 

ایکویسٹرین مقابلے 20 سے 23 ستمبر تک ٹوکیو کے جے آر اے ایکویسٹرین پارک میں ہوں گے۔

ایڈن ڈو ویریٹ کی جاپان آمد کے باوجود پاکستان ٹیم کے کچھ ضروری سامان کی بروقت ترسیل نہیں ہوسکی، گھوڑوں اور ایکویسٹرین سامان کو اولمپکس اور ایشین گیمز کے لیے منتقل کرنے کے ذمہ دار ایجنٹس کی جانب سے قومی فیڈریشنز کو بتایا گیا کہ متعدد قومی اولمپک کمیٹیوں کا سامان مقررہ وقت پر مقام تک نہیں پہنچ سکا۔

ایجنٹس کے مطابق اصل بکنگ کے علاوہ مزید 4 ہزار 900 کلوگرام سامان لیج پہنچ گیا تھا، تاہم طیارے کے وزن کی مقررہ حد کے باعث تمام سامان ایک ہی پرواز میں منتقل نہیں کیا جاسکا۔

لیج پہنچنے کے بعد تمام سامان کو ایک مشترکہ کھیپ کا حصہ بنا دیا گیا، جس کے باعث کسی مخصوص قومی اولمپک کمیٹی کا سامان الگ کرکے پرواز سے اتارنا ممکن نہیں تھا۔

ایجنٹس کے مطابق سامان کی جاپان منتقلی میں تیزی لانے کے لیے فوری اقدامات کیے گئے ہیں۔

شیئر کیے گئے شیڈول کے مطابق 16 ستمبر کی پرواز میں 19 پارسل دوحہ سے ناریتا پہنچنے تھے جبکہ مزید 34 پارسل 17 ستمبر کی پرواز سے جاپان پہنچنے ہیں۔

ایجنٹس نے واضح کیا کہ مشترکہ کھیپ ایئرلائن کارگو کے پاس ہونے کے باعث اس وقت یہ تصدیق ممکن نہیں کہ کس قومی اولمپک کمیٹی کا مخصوص سامان کس پرواز کے ذریعے پہنچ رہا ہے۔

جاپان پہنچنے کے بعد سامان کسٹمز کلیئرنس کے مرحلے سے گزرے گا جس کے بعد اسے ایکویسٹرین مقابلوں کے مقام تک منتقل کیا جائے گا۔

پاکستانی سوار عثمان خان نے سامان کی صورتحال پر فوری وضاحت طلب کرتے ہوئے متعلقہ ایجنٹس سے پوچھا ہے کہ اب تک کن قومی اولمپک کمیٹیوں کا سامان پہنچ چکا ہے اور پاکستان کا سامان کب تک پہنچایا جائے گا۔

عثمان خان نے بتایا کہ پاکستان نے مجموعی طور پر 200 کلوگرام سامان کی گنجائش خریدی تھی، تاہم 30 کلوگرام سامان پہلے ہی کم کیا جاچکا ہے، جبکہ 20 کلوگرام خوراک اور کئی دیگر اشیا بھی سامان سے نکال دی گئی ہیں۔

عثمان خان نے متعلقہ حکام کو بتایا کہ اگر پاکستان کا سامان 16 ستمبر کو پہنچ جاتا تو ٹیم اسی رات تربیتی سیشن منعقد کرسکتی تھی، تاہم اگر سامان 17 ستمبر تک پہنچتا ہے تو ایشین گیمز سے قبل انتہائی اہم تیاری کے مرحلے میں پاکستان کو مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

ایڈن ڈو ویریٹ نے جاپان روانگی سے قبل طویل قرنطینہ مکمل کیا، گھوڑے نے فرانس میں 60 روزہ منظور شدہ قرنطینہ کے بعد جرمنی میں 10 روزہ پری ایکسپورٹ قرنطینہ مکمل کیا، یوں مجموعی طور پر 70 روز قرنطینہ میں گزارے۔ تمام ٹیسٹ کے نتائج منفی آنے کے بعد گھوڑے کو جاپان روانگی کی اجازت دی گئی تھی۔

پاکستانی ٹیم کی ایشین گیمز مہم ایونٹنگ میں ملک کی تاریخی شرکت ہوگی۔ ایونٹنگ میں گھڑ سواری کے تین مراحل شامل ہوتے ہیں، جن میں ڈریسیج، کراس کنٹری اور شو جمپنگ شامل ہیں۔ 

مقابلوں کا آغاز 20 ستمبر کو گھوڑوں کے طبی معائنے سے ہوگا، ڈریسیج 21 ستمبر، کراس کنٹری 22 ستمبر اور شو جمپنگ 23 ستمبر کو ہوگی۔



PNP

Comments are closed.