وفاقی وزیر اورنگزیب کھچی کا قائد اعظم اکادمی کراچی کا دورہ
کراچی (پی این پی) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے اپنے کراچی دورے کے موقع پر قائد اعظم مزار منیجمنٹ بورڈ کے ریزیڈنٹ انجینئر عبد العلیم شیخ کے ہمراہ قائد اعظم اکادمی کراچی کا دورہ کیا جہاں ان کا قائد اعظم اکادمی کے روح رواں و سینئر افسر زاہد حسین ابڑو، عبد الماجد فاروقی، عاصم خان نیازی سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں ڈاکٹر فیاض شاہین، رانا اشفاق رسول، اسلم خان فاروقی، ڈاکٹر ارم مظفر و دیگر نے نہایت گرمجوشی کے ساتھ استقبال کیا۔
وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے قائد اعظم اکادمی کی بہتری کیلیے سول سوسائٹی کے نمائندوں سے تجاویز لی۔ سول سوسائٹی کے نمائندوں نے قائد اعظم کے افکار ونظریات کو عام شہریوں اور نئی نسل تک پہنچانے کیلیے قائد اعظم اکادمی کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس میں تیزی لانے کی ضرورت اور میڈیا سیل کے قیام جیسی مختلف تجاویز پیش کیں جبکہ قائد اعظم اکادمی میں مستقل ڈائریکٹر کے تقرر اور لائبریین و مختلف سٹاف کی خالی اسامیوں کے خلاء کو پر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ قائد اعظم اکادمی پاکستان کا ایک اہم علمی و تحقیقی ادارہ ہے، یہ ادارہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی زندگی، افکار اور سیاسی نظریات پر تحقیق کرنے اور مواد شائع کرنے کیلیے بنایا گیا تھا لہٰذا قائد اعظم اکادمی کی کارکردگی کو مزید بہتر و معیاری بنانے کیلیے فوری اقدامات کیے جانے چاہیئں تاکہ نئی نسل قائد اعظم کے افکار اور نظریات سے روشناس ہوسکے۔
PNP
Comments are closed.