by Rao Imran Suleman
Rao Nama

انجمنِ اساتذہ جامعہ کراچی کے انتخابات ،نئی منتخب قیادت اور مجلسِ عاملہ کے نتائج کا اعلان

 کراچی ( پی این پی ) انجمنِ اساتذہ جامعہ کراچی کے انتخابات 27  – 2026،نئی منتخب قیادت اور مجلسِ عاملہ کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق  انجمنِ اساتذہ جامعہ کراچی (KUTS) کے سالانہ انتخابات برائےانتخابات 27  – 2026 کے نتائج کے مطابق کراچی یونیورسٹی ٹیچرز فورم (KUTF) سے وابستہ شعبۂ پیٹرولیم ٹیکنالوجی کے سید غفران عالم صدر منتخب ہوگئے، جبکہ ٹیگ (TAGG) کے شعبۂ کیمیا سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر اسد تنولی نائب صدر قرار پائے۔ اسی طرح KUTF کے شعبۂ طبیعیات کے ڈاکٹر ذیشان اقبال معتمدِ عمومی (سیکریٹری) اور شعبۂ کیمیا کی ڈاکٹر عظمیٰ عاشق خزانچی منتخب ہوئیں۔

مجلسِ عاملہ کے انتخابی نتائج میں دونوں انتخابی پینلز کے امیدواروں نے کامیابیاں حاصل کیں۔ ٹیگ TAGG کے معروف بن رؤف 349 ووٹ اور ندا علی 346 ووٹ حاصل کرکے نہ صرف اپنے پینل میں سب سے آگے رہے بلکہ مجموعی انتخابی فہرست میں بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی۔ دوسری جانب کراچی یونیورسٹی ٹیچرز فورم (KUTF) کے ڈاکٹر ایس۔ ایم۔ خالد جمال 315 ووٹ حاصل کرکے KUTF پینل کے سب سے زیادہ ووٹ لینے والے امیدوار قرار پائے اور مجموعی طور پر تیسرے نمبر پر رہے۔

مجلسِ عاملہ کی دیگر 12منتخب نشستوں پر محسن علی، شمائلہ صمد خان، معیز خان، فخر النساء، ایم۔ صادق علی خان، ایس۔ ذیشان عباس، تہمینہ عباس، ایم۔ کامران خان، سونیا سید، محمد علی، تحسین احمد اور مہوش شفیع خان کامیاب قرار پائے۔ یوں پندرہ رکنی منتخب مجلسِ عاملہ کی تشکیل کے ساتھ انجمنِ اساتذہ جامعہ کراچی کی نئی نمائندہ قیادت سامنے آگئی ہے، جس کے سپرد اساتذہ کے اجتماعی مفادات، پیشہ ورانہ وقار اور جامعہ کی علمی و تحقیقی روایات کے تحفظ کی ذمہ داری ہوگی۔



PNP

Comments are closed.