کراچی (پی این پی) صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے مارچ کی حمایت کر دی۔
نجی ٹی وی چینل ’’ اے آر وائی نیوز‘‘ کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ لیوی پر جماعتِ اسلامی کےمارچ کی حمایت کرتے ہیں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کیلئے بلاول بھٹو نے بھی بات کی۔
ناصرشاہ نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کی تحریک پُرتشدد نہیں ہوتی ان کا احتجاج پُرامن ہوتاہے جب کہ تحریک انصاف کا احتجاج ہمیشہ پُرتشدد رہا ہے پی ٹی آئی کےوکلابانی کو بچانے کے بجائے خود عہدوں پر آگئے۔
اس سے قبل سندھ اسمبلی میں صوبائی حکومت نے پیٹرول پر لیوی ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اپنی نااہلی کا بوجھ عوام کے کندھوں پر نہ ڈالے جب تک عالمی صورت حال بہتر نہ ہو لیوی ٹیکس ختم کیا جائے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کے متعلق قرارداد پی ٹی آئی کے محمد اویس نے پیش کی، ہم اس قرارداد کی بھرپور تائید کرتے ہیں اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ لیوی ختم کرے۔
واضح رہے کہ لیوی کے خاتمے کے لیے آج سے جماعت اسلامی نے کراچی سے اسلام آباد ٹرین مارچ کا آغاز کر دیا ہے۔ کسان اتحاد نے 25 مارچ کو اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ پی ٹی آئی نے بھی 27 مارچ کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کیا ہوا ہے۔
PNP
Comments are closed.