امارات سے اسرائیل جانے والی پرواز سعودی عرب میں اتر گئی، ہنگامہ برپا
دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز دورانِ سفر ہنگامی صورتحال کے باعث سعودی عرب کے شہر تبوک میں اتار لی گئی، جبکہ واقعے کے ابتدائی مرحلے میں طیارے کے ہائی جیک ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق پرواز ایف زیڈ 1073 نے دورانِ پرواز پہلے ہنگامی کوڈ 7700 جاری کیا، جس کے کچھ دیر بعد 7500 کوڈ بھی نشر کیا گیا۔ یہ کوڈ عموماً طیارے میں غیر قانونی مداخلت یا ہائی جیکنگ کی صورت میں استعمال ہوتا ہے۔
بعد ازاں طیارے نے دوبارہ 7700 کوڈ جاری کیا اور اپنا رخ تبدیل کرتے ہوئے سعودی عرب کی جانب پرواز کی۔ فلائٹ ٹریکنگ سے متعلق دستیاب معلومات کے مطابق طیارہ تبوک میں بحفاظت اتر گیا۔
ہنگامی سگنل موصول ہونے کے بعد اسرائیل میں سکیورٹی خدشات پیدا ہوئے اور اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کے دو جنگی طیارے بھی احتیاطی طور پر روانہ کیے گئے۔ تاہم بعد میں اسرائیلی سکیورٹی حکام نے طیارہ ہائی جیک ہونے کے امکان کو مسترد کردیا۔
اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ ہنگامی صورتحال کی وجہ طیارے کے دونوں پائلٹوں کے درمیان مبینہ جھگڑا ہوسکتا ہے۔ تاہم واقعے کی مکمل وجوہات اور تنازع کی تفصیلات کی آزادانہ طور پر مکمل تصدیق سامنے نہیں آئی۔
رپورٹس کے مطابق پرواز میں تقریباً 180 افراد سوار تھے اور تمام مسافر محفوظ رہے۔ حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ یہ واضح ہوسکے کہ دورانِ پرواز ہنگامی سگنل کیوں جاری کیا گیا اور طیارے کو سعودی عرب کیوں موڑنا پڑا۔
PNP
Comments are closed.