کراچی(پی این پی)ایم ڈی کیٹ کے مبینہ متنازع جوابی پرچے ویب سائٹ پر جاری کرنے کے لیے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں ایم ڈی کیٹ کی مبینہ متنازع آنسر کیز کے خلاف درخواست دائر کردی گئی، جس میں پی ایم ڈی سی، سکھر آئی بی اے اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی سمیت 6 فریقین کو نامزد کیا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایم ڈی کیٹ کا سوالیہ پرچہ اور آنسر کیز فوری طور پر ویب سائٹ پر جاری کرنے کی ہدایت کی جائے اور سوالیہ پرچہ و آنسر کیز تین روز میں ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرائے جائیں۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پرچہ دیکھے بغیر آنسر کیز کو مؤثر انداز میں چیلنج کرنا ممکن نہیں، اس لیے تمام ایم ڈی کیٹ امیدواروں کے سامنے سوالیہ پرچہ رکھنے کی ہدایت کی جائے۔
محمد نواز ڈاہری ایڈووکیٹ کے مطابق ایم ڈی کیٹ امتحان 20 ستمبر کو ہوا اور امیدواروں کو صرف جوابی شیٹ کی کاربن کاپی دی گئی، امیدواروں نے سوالیہ پرچہ ساتھ لے جانے کی اجازت مانگی، تاہم انتظامیہ نے اجازت نہیں دی۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ چند نمبروں کا فرق بھی میرٹ اور میڈیکل کالج میں داخلے پر اثرانداز ہوسکتا ہے، اس لیے ایم ڈی کیٹ کا سوالیہ پرچہ فوری طور پر پبلک کیا جائے۔
درخواست میں ایم ڈی کیٹ کی حتمی میرٹ لسٹ اور داخلوں کو حتمی شکل دینے سے روکنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ حتمی میرٹ لسٹ جاری کرنے سے قبل معاملہ شفاف بنانے کی ہدایت کی جائے۔
PNP
Comments are closed.