کراچی (پی این پی) کراچی میں پریڈی کے علاقے صدر ریگل چوک کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکو ٹھیکیدار کے ملازمین سے 25 لاکھ روپے نقد لوٹ کر فرار ہوگئے۔
نجی ٹی وی چینل ’’ایکسپریس نیوز‘‘ کے مطابق پریڈی تھانے میں ٹھیکیدار حاجی تسلیم الدین نے درخواست دی، جس میں کہا گیا ہے کہ ان کے دو ملازمین ریگل چوک پر قائم نجی بینک سے 25 لاکھ روپے کا چیک کیش کرا کے دوپہر ڈھائی بجے کے قریب دفتر واپس آرہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ملازمین رقم لے کر اوڈین سینما کے پارکنگ ایریا میں جیسے ہی پہنچے تو تعاقب میں آنے والے موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم ڈاکو اسلحے کے زور پر 25 لاکھ روپے نقد چھین کر فرار ہوگئے، نقدی ان کے ملازم کے ہاتھ میں تھی۔
اس حوالے سے ڈی ایس پی پریڈی لیاقت حیات نے بتایا کہ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر رہی ہے تاکہ واردات میں ملوث ڈاکوؤں کی شناخت میں مدد مل سکے۔
PNP
Comments are closed.