by Rao Imran Suleman
Rao Nama

لانگ مارچ کی تیاری جاری ، حکومتی وفد سے مذاکرات میں بنیادی مطالبہ کیا ہو گا ؟عامر ڈوگر نےبتا دیا

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) لانگ مارچ کی تیاری جاری ہے ، حکومتی وفد سے مذاکرات میں بنیادی مطالبہ کیا ہو گا ؟پاکستان تحریک انصاف  کے رہنماعامر ڈوگر نے واضح الفاظ میں بتا دیا۔

’’جیو نیوز‘‘ کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عامر ڈوگر  نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کی تیاری جاری ہے، تاہم تمام سرگرمیاں آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر کی جائیں گی۔ حکومتی وفد سے مذاکرات کے بعد ہی لانگ مارچ کے حوالے سے آئندہ کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ 27 ستمبر کا لانگ مارچ ملتوی کرکے حکومت کو وقت دیا گیا تھا اور کل حکومتی وفد سے ملاقات کے بعد صورتحال مزید واضح ہوجائے گی۔حکومت کی جانب سے بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر سے رابطہ کیا گیا ہے، جبکہ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں لانگ مارچ کے معاملے پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا کہ وزیراعظم نے اپوزیشن کو انگیج کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حکومت اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ وفد سے کل ملاقات ہوگی، جبکہ رانا ثنا اللہ نے بھی  رابطہ کیا ہے۔ہمارامطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی تک ڈاکٹرز کو رسائی دی جائے، ان سے ملاقات کی اجازت ہو اور آئین کی عمل داری یقینی بنائی جائے۔ اگر حکومت کی نیت درست ہے تو ان مطالبات کو تسلیم کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔ بانی پی ٹی آئی کی صحت بنیادی مطالبہ ہے جس پر کوئی سمجھوتہ  نہیں کیا جائے گا۔

عامر ڈوگر نے کہا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی سے متعلق معاملات پر تحریک انصاف کی وکلاء ٹیم نے غور کیا ہے۔ ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ سے ملک میں تناؤ بڑھے گا، جبکہ دہشتگردی اور بے روزگاری پہلے ہی بڑے مسائل ہیں۔خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کا مینڈیٹ کچلا گیا تو اس سے نفرت بڑھے گی۔ لانگ مارچ کی وجہ سے1 ہزار سے زائد افراد کو اٹھایا گیا ہے جبکہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں کارکنان نظر بند ہیں۔



PNP

Comments are closed.