کراچی(پی این پی)پاکستان رینجرز (سندھ) اور ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کی جانب سے لیاری گینگسٹرز کے خلاف افشانی گلی کلاکوٹ لیاری میں مشترکہ آپریشن کیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آپریشن کے دوران بابا لاڈلا اور اسماعیل افشانی گروہ کے انتہائی مطلوب ملزم سلمان عرف سلم عرف سلام کو گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار ملزم سے اسلحہ و ایمونیشن بھی برآمد کرلیا گیا۔ ملزم ٹارگٹ کلنگ، اغواءبرائےتاوان, بھتہ وصولی اور پولیس مقابلوں کی متعدد وارداتوں میں انتہائی مطلوب تھا۔
گرفتار ملزم کا نام سی ٹی ڈی ریڈ بک میں بھی درج ہےـ گرفتار ملزم 2011 میں لیاری گینگ وار بابا لاڈلا گروہ میں شامل ہوا اور ابتداء میں منشیات فروشی اور پکٹ ڈیوٹی کرتا رہا۔ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مخالف گروہ پر گرینیڈ حملوں اور پولیس پر فائرنگ کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا۔
ان حملوں میں مخالفین اور کئی راہگیر زخمی و ہلاک بھی ہوئے۔ ملزم کے خلاف کراچی اور اندرون سندھ میں پولیس مقابلوں سمیت دیگر جرائم کی متعدد ایف آئی آرز درج ہیں۔ ملزم کراچی آپریشن کے دوران گرفتاری سے بچنے کیلئے بلوچستان اور بعدازاں بیرونِ مُلک فرار ہو گیا۔
PNP
Comments are closed.