by Rao Imran Suleman
Rao Nama

روبیو کا ایرانی وفد کو فوری طور پر امریکا چھوڑنے کا حکم

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے لیے نیویارک میں موجود ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ان کے وفد کو مقررہ وقت سے پہلے امریکا چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات میں کوئی نمایاں پیش رفت نہ ہوسکی اور بات چیت تعطل کا شکار ہوگئی۔ مذاکرات میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے، جاری تنازع کے خاتمے اور ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق قطر نے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی کوشش کی، تاہم تہران اور واشنگٹن کے مؤقف میں موجود اختلافات کم نہ ہوسکے۔ ایرانی وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی شامل تھے، جو ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے نیویارک سے روانہ ہونے کے بعد بھی وہاں موجود رہے تھے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ روبیو کی ہدایت کے بعد ایرانی وفد نیویارک سے روانہ ہوگیا۔ تاہم ایرانی اقوام متحدہ مشن نے امریکی مؤقف کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفد پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق نیویارک سے روانہ ہوا اور اس شیڈول سے امریکی محکمہ خارجہ کو پہلے ہی آگاہ کردیا گیا تھا۔
دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں قطر کی ثالثی کے باوجود کسی حتمی پیش رفت کا اعلان نہیں کیا گیا، جبکہ خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی رابطے برقرار رہنے کی اطلاعات ہیں۔

PNP

Comments are closed.