by Rao Imran Suleman
Rao Nama

محکمہ موسمیات کی مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی

اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) ملک کے مختلف حصوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ برقرار ہے،

جس کے باعث آج رات سے اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے بالائی و وسطی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔نجی ٹی وی چینل سما نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ مغربی ہواؤں کے باعث ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں موسم متاثر ہونے کا امکان ہے۔ آج رات اور بدھ کے روز چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، ایبٹ آباد، مری، گلیات، وادی نیلم، مظفرآباد اور ملحقہ علاقوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہا، تاہم بالائی خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔مغربی ہواؤں کے موجودہ سلسلے کے باعث بالائی علاقوں میں موسم کی صورت حال تبدیل ہونے کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے افراد کو لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر احتیاط برتنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

PNP

Comments are closed.