by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ریاض ایئرپورٹ پر 11 روز میں حملوں کی 20 کوششیں ناکام بنائیں، سعودی ترجمان

ریاض: سعودی اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے دعویٰ کیا ہے کہ یکم سے 11 اکتوبر کے دوران ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثی ملیشیا کے حملوں میں 17 افراد جاں بحق اور 333 زخمی ہوئے۔ ان کے مطابق اس عرصے میں ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی 20 کوششیں ناکام بنائی گئیں۔

ریاض میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میجر جنرل ترکی المالکی نے 10 اکتوبر کو شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہوائی اڈوں کو نشانہ بنانا زائرین اور مسافروں کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

ترجمان اتحادی افواج کے مطابق 7 اکتوبر کو شاہ خالد ایئرپورٹ پر حملے میں ایک شخص جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے، جبکہ 8 اکتوبر کو ہونے والے حملے میں 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ 10 اکتوبر کے حملے میں 12 افراد جاں بحق اور 309 زخمی ہوئے، جبکہ 11 اکتوبر کو ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 پر حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔

میجر جنرل ترکی المالکی نے مزید دعویٰ کیا کہ 7 اکتوبر کو ابہا ایئرپورٹ پر حملے میں مراکش اور الجزائر سے تعلق رکھنے والی دو خواتین جاں بحق جبکہ 28 افراد زخمی ہوئے۔ ان کے مطابق جازان کے شاہ عبداللہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور شاہ فہد ایئرپورٹ کو بھی حوثی ملیشیا کی جانب سے نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان اتحادی افواج کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا نے یمن کے علاقوں صنعاء، صعدہ اور عمران کے پہاڑی علاقوں میں ذخیرہ گاہیں قائم کر رکھی تھیں۔ ان کے مطابق اتحادی افواج نے کارروائیوں کے دوران ایسی 127 ذخیرہ گاہیں تباہ کیں۔

PNP

Comments are closed.