by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کا سکوٹی تشدد واقعے پر ردعمل

اسلام آباد(پی این پی ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسکوٹی سوار لڑکی پر تشدد کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے متاثرہ لڑکی سے خود بات کی اور اسے مشورہ دیا کہ ملزم نے جتنے تھپڑ مارے، وہ بھی اسے اتنی ہی بار تھپڑ مارے۔

جیو نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک شہری نے مریم نواز کی جانب سے پیٹرول پمپ کے ملازم پر تشدد کرنے والے شخص کی گرفتاری کی ویڈیو شیئر کیے جانے پر سوال اٹھایا کہ اسکوٹی سوار لڑکی کو تھپڑ مارنے والے شخص کی ایسی ہی ویڈیو دیکھنے کا بھی انتظار ہے۔اس سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انہوں نے متاثرہ لڑکی سے براہِ راست رابطہ کیا تھا اور اسے کہا تھا کہ وہ ملزم کو بھی اتنی ہی بار تھپڑ مارے جتنی بار اسے مارا گیا۔ مریم نواز کے مطابق لڑکی نے جواب دیا کہ اس کے لیے یہی کافی ہے کہ حکومت نے اسے تحفظ فراہم کیا ہے اور انصاف اس کے ساتھ کھڑا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز مریم نواز نے پیٹرول پمپ کے ایک ملازم کو تشدد کا نشانہ بنانے والے شخص کی گرفتاری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔

ویڈیو میں پولیس کی حراست میں موجود ملزم کو پیٹرول پمپ ملازم کے تھپڑ مارنے پر دیکھا جا سکتا ہے۔وزیراعلیٰ نے ویڈیو کے ساتھ اپنے پیغام میں کہا تھا کہ یہ ان لوگوں کے لیے واضح جواب ہے جو غربت کی وجہ سے دوسروں کو کمتر سمجھتے ہیں اور دولت و طاقت کے بل پر خود کو قانون سے بالاتر تصور کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے افراد یہ سمجھتے ہیں کہ وہ کسی بھی شخص کے ساتھ جو چاہیں کر سکتے ہیں اور پھر قانون کی گرفت سے بھی بچ نکلیں گے۔

PNP

Comments are closed.