معروف بھارتی باکسر میری کوم نے اپنی زندگی پر بننے والی فلم کو غیر حقیقی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں میری جدوجہد اور محنت کا صرف 10 فیصد حصہ دکھایا گیا۔
بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کو انٹرویو دیتے ہوئے میری کوم نے کہا کہ میری زندگی کی اصل مشکلات اور جدوجہد کو سمجھنے کے لیے میری کتاب ’اَن بریک ایبل‘ پڑھنی چاہیے، اب فلم کا دوسرا حصہ بنانے کی ضرورت نہیں کیونکہ میرے کیریئر اور زندگی کی کہانی فلم اور کتاب میں پہلے ہی بیان کی جا چکی ہے۔
واضح رہے کہ 2014ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’میری کوم‘ میں اداکارہ پریانکا چوپڑا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
فلم میں میری کوم کے باکسنگ کیریئر اور کامیابیوں کو دکھایا گیا تھا جبکہ اس کردار پر پریانکا چوپڑا کو بہترین اداکارہ کا قومی فلمی ایوارڈ بھی ملا تھا۔
میری کوم نے 2012ء کے لندن اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا اور وہ 6 مرتبہ عالمی باکسنگ چیمپئن بھی بن چکی ہیں۔
دوسری جانب پریانکا چوپڑا نے 2022ء میں ایک انٹرویو کے دوران اعتراف کیا تھا کہ میری کوم کے کردار کے لیے شمال مشرقی بھارت سے تعلق رکھنے والی کسی اداکارہ کا انتخاب زیادہ مناسب ہوتا کیونکہ میری کوم کا تعلق ریاست منی پور سے ہے جبکہ پریانکا کا تعلق شمالی بھارت سے ہے اور دونوں کی جسمانی ساخت بھی مختلف تھی۔
پریانکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ میری کوم کی زندگی سے متاثر ہو کر میں نے یہ کردار قبول کیا۔
اس کردار کی تیاری کے لیے پریانکا نے تقریباً 5 ماہ تک باکسنگ کی تربیت حاصل کی تھی اور جسمانی ساخت میں تبدیلی بھی لائی تھیں۔
PNP
Comments are closed.