ایران سے ایل پی جی کی ترسیل عارضی بحال، فی کلو قیمت میں 40 روپے تک کمی،مزید 30 روپے فی کلو کمی کا امکان
کراچی(پی این پی) ایران سے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی ترسیل عارضی طور پر بحال ہونے کے بعد ملک میں اس کی قیمت میں گزشتہ دو روز کے دوران 30 سے 40 روپے فی کلو تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ آئندہ دو سے تین روز میں مزید 30 روپے فی کلو کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
تاہم ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرزایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ ایران سے سپلائی مستقل بنیادوں پر بحال نہ ہوئی تو موسم سرما میں گیس کی قلت شدت اختیار کرسکتی ہے اور قیمت ایک ہزار روپے فی کلو تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے ذرائع نے بتایاکہ ایران سے ایل پی جی کی ترسیل عارضی طور پر بحال ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 16 اکتوبر سے قبل ایرانی ریفائنریز سے لوڈ ہوکر پاک ایران سرحد پر پہنچنے والے گیس کے ٹینکرز کو پاکستان میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ اس تاریخ تک لوڈ ہونے والے باؤزرز ہی سرحد پار آسکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس طریقہ کار کے تحت پاکستان پہنچنے والی ایل پی جی کی مقدار تقریباً 8 سے 9 ہزار ٹن ہے، جو ملک کی صرف تین روز کی ضروریات پوری کرسکتی ہے۔ ان کے مطابق اتنی محدود مقدار میں گیس کی آمد سے ایل پی جی کا بحران مستقل طور پر حل نہیں ہوسکے گا، اس لیے سپلائی کی مسلسل بحالی ضروری ہے۔
ایسوسی ایشن کے عہدیدار نے کہا کہ مارکیٹ میں قیمتیں بتدریج کم ہو رہی ہیں اور گزشتہ دو روز میں فی کلو 30 سے 40 روپے کی کمی آچکی ہے۔ توقع ہے کہ آئندہ دو سے تین روز کے دوران قیمت میں مزید 30 روپے فی کلو تک کمی ہوسکتی ہے، تاہم اس کا انحصار سپلائی کی صورت حال پر ہوگا۔دوسری جانب آل پاکستان ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے ایران سے ایل پی جی کی درآمد میں سہولت فراہم کرنے کے لیے وفاقی حکومت کو چھ ماہ کی مدت کے لیے ای آئی ایف سے متعلق چھوٹ دینے کی تجویز پیش کردی ہے۔ ایسوسی ایشن نے وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر کو بھی ممکنہ بحران سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ موسم سرما میں ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے سابقہ طریقہ کار کے تحت چھوٹ چھ ماہ کے لیے بحال کی جائے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق سردیوں میں ایل پی جی کی طلب بڑھنے کے باعث سپلائی میں کمی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔ اگر ایران سے ترسیل مکمل طور پر بحال نہ ہوئی تو موسم سرما کے دوران ایل پی جی کی قیمت ایک ہزار روپے فی کلو تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ایل پی جی ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ممکنہ قلت سے نمٹنے اور صارفین کو مہنگی گیس سے بچانے کے لیے بروقت اقدامات کیے جائیں، تاکہ موسم سرما میں طلب کے مطابق گیس کی دستیابی یقینی بنائی جاسکے۔
PNP
Comments are closed.