by Rao Imran Suleman
Rao Nama

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی پیٹرول پر ریلیف نہ دینے والے پمپس کیخلاف کارروائی کا حکم

وزیرِاعظم شہباز شریف—فائل فوٹو 

وزیرِاعظم شہباز شریف نے پیٹرول پر ریلیف نہ دینے والے پمپس کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ کچھ پیٹرول پمپس سے شکایات ملی ہیں، وزیرِ پیٹرولیم ان پمپوں کے خلاف کارروائی کریں کہ انہیں چھٹی کا دودھ یاد آ جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ جمعے کو پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ ہونا تھا، تاہم وزیرِ پیٹرولیم اور اوگرا نے ریفائنریز سے ونڈ فال منافع شیئر کرنے کے لیے کہا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ بر وقت فیصلے کے باعث پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ نہیں ہوا، ایل پی جی مافیا کا دور ختم ہو چکا، ایل پی جی امپورٹ کر کے عوام کو ریلیف دیں گے۔

شہباز شریف نے بتایا ہے کہ ساڑھے 7 کروڑ افراد فیول ٹوکن سے فائدہ حاصل کر چکے، جبکہ اس مد میں اب تک 28 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے گذشتہ روز خیبر پختون خوا کے لیے 160 ارب روپے کے پیکیج کو حتمی شکل دے دی ہے، کے پی میں پہلی، دوسری اور تیسری ترجیح سیکیورٹی ہے، وہاں نئی حکومت کے تعاون سے دہشت گردی کا سر کچل دیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دنیا میں تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، خطے میں بے امنی کے باعث عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہوا ہے، پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، کشیدگی میں کمی کے لیے تہران میں اچھے ماحول میں بات چیت ہوئی ہے۔



PNP

Comments are closed.