by Rao Imran Suleman
Rao Nama

اسلحہ لائسنس بنوانے والوں کی بڑی مشکل حل کر دی گئی

اسلام آبا د (پی این پی)پنجاب میں اسلحہ لائسنس کے حصول کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کے معاملے پر شہریوں کو درپیش مشکلات کا حل نکال لیا گیا ہے۔

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اس سلسلے میں بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر متعارف کرا دی ہے، جس سے شہری اب گھر بیٹھے یہ عمل مکمل کر سکتے ہیں۔نادرا کے ترجمان کے مطابق درخواست گزار پہلے پنجاب اسلحہ لائسنس کی ویب سائٹ پر اپنی درخواست جمع کروائیںhttps://pal.nadra.gov.pk، جس کے بعد وہ پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے باآسانی بائیو میٹرک تصدیق کا مرحلہ مکمل کر سکتے ہیں۔یاد رہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے نومبر 2025 میں ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے پرانے دستی اسلحہ لائسنس کی تجدید اور کمپیوٹرائزیشن کے تمام سابقہ طریقہ کار کو فوری طور پر معطل کر دیا تھا۔اس نئے حکم کے تحت پہلے دی گئی مہلت اور ہدایات بھی ختم کر دی گئی تھیں، جن کے ذریعے شہریوں کو اپنے لائسنس کمپیوٹرائزڈ کروانے کا موقع دیا گیا تھا۔

مزید برآں، محکمہ داخلہ نے ڈویژنل کمشنرز اور متعلقہ حکام سے مارچ سے نومبر کے دوران کمپیوٹرائزڈ کیے گئے اسلحہ لائسنسوں کی تفصیلات طلب کی ہیں، جبکہ صوبے میں غیر قانونی اسلحے کے خلاف جاری مہم اور ڈی ویپنائزیشن کے اقدامات پر پیشرفت رپورٹ بھی مانگی گئی ہے۔

PNP

Comments are closed.