پی ایس ایل سے متعلق میرا تجربہ شاندار رہا، کول مکونکی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم راولپنڈیز میں شامل نیوزی لینڈ کے کرکٹر کول مکونکی نے ایونٹ سے متعلق اپنے تجربے کو شاندار قرار دیا ہے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں کول مکونکی نے کہا کہ نتائج توقعات کے مطابق نہ ہونے کے باوجود وہ اس ایونٹ سے بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آنا ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتا ہے اور راولپنڈیز ٹیم کے ساتھ کھیلنا ایک اچھا تجربہ ہے، ٹیم میں کیوی اور پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا ماحول بہت اچھا ہے کیونکہ وہ ان کھلاڑیوں کے ساتھ بھی کھیل رہے ہیں، جن کے خلاف وہ پہلے انٹرنیشنل کرکٹ کھیل چکے ہیں۔
کول مکونکی نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ٹیم جلد بہتر کارکردگی دکھائے گی اور اگلے میچ میں لاہور کے خلاف اچھی شروعات کرے گی۔
اُن کا پاکستانی کنڈیشنز کے متعلق کہنا تھا کہ یہاں کی پچز نیوزی لینڈ کے مقابلے میں مختلف ہیں، تاہم پہلے سے تجربہ ہونے کی وجہ سے انہیں ایڈجسٹ کرنے میں مدد ملی ہے۔
راولپنڈیز کے کھلاڑی نے پاکستان کی مہمان نوازی اور کھانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہاں ہمیشہ بہترین استقبال ملتا ہے، ڈیرل مچل نے بھی پی ایس ایل کے بارے میں بہت مثبت رائے دی تھی اور یہاں کے لوگ انتہائی مہمان نواز ہیں۔
ان کے مطابق پی ایس ایل ایک اعلیٰ معیار کی لیگ ہے، جس میں دنیا بھر کے ٹاپ کھلاڑی شامل ہوتے ہیں اور یہاں کھیلنا ایک اعزاز ہے۔
راولپنڈیز کی ٹیم کو اب تک ایونٹ میں مشکلات کا سامنا رہا ہے اور وہ ایک میچ بھی نہیں جیت سکی تاہم کول مکونکی پر امید ہیں کہ باقی میچز میں ٹیم بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹورنامنٹ کا اختتام اچھے انداز میں کرے گی۔
PNP
Comments are closed.