لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری نے 3 بچوں کو قتل کرنے والی ماں کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
جوڈیشل مجسریٹ ارشاد حسین نے پولیس کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ملزمہ کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس نے ملزمہ کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ملزمہ کا ڈی این اے، پولی گرافک اور میڈیکل ٹیسٹ کرانا ہے۔
اس سے قبل لاہور کے علاقے اچھرہ میں گزشتہ روز بچوں کے قتل کے واقعے میں ملزمہ کی سی سی ٹی وی سامنے آئی تھی۔
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی میں ملزمہ کو گلی سے باہر نکلتے دیکھا جا سکتا ہے اور ملزمہ نے واپس آ کر محلے داروں کے ساتھ مل کر 15 پر بھی کال کی تھی۔
دوسری جانب 3 بہن بھائی کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے اور لاشیں ورثاء کےحوالے کر دی گئی ہیں، ورثاء مقتولین کی لاشیں آبائی گاؤں جھنگ لے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ 3 بچوں 5 سالہ مومنہ بتول، 4 سالہ مومن رضا اور ڈیڑھ سالہ امِ حبیبہ کی گلا کٹی لاشیں اچھرہ کے ایک گھر سے ملی تھیں، بچوں کو تیزدھار آلے سے قتل کیا گیا تھا۔
بعد ازاں تحقیقات میں ہولناک انکشاف سامنے آیا تھا کہ تینوں بچوں کی قاتل سگی ماں نکلی جب کہ ابتدائی تفتیش میں ملزمہ نے اعترافِ جرم کر لیا تھا۔
PNP
Comments are closed.