by Rao Imran Suleman
Rao Nama

اسلام آباد، انسانی اسمگلنگ، ویزا فراڈ میں ملوث 4ملزمان گرفتار

اسلام آباد(پی این پی)ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 4ملزمان کو گرفتار کرکے 3الگ الگ مقدمات درج کرلیے ۔

ایف آئی اے کی جانب سے بتایا گیا کہ ڈائریکٹر شہزاد ندیم بخاری کی ہدایات پر ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل اسلام آباد نے ملزمان اسد امتیاز اور ماہد اشرف پر باہمی ملی بھگت سے شہری عبداللہ خان کو آذربائیجان کے ورک ویزا کا جھانسہ دے کر 5لاکھ روپے سے زائد ہتھیانے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔بتایا گیا کہ دوسرے واقعے میں ملزم ناصر محمود نے شہری محمد راسخ سے اس کے بھائی اسد علی اور کزن محسن خان کو پرتگال بھجوانے کے نام پر 6لاکھ روپے نقد اور بینک کے ذریعے وصول کیے لیکن ملزم نہ تو پرتگال کا ورک ویزا فراہم کر سکا اور نہ ہی وصول کی گئی رقم واپس کی۔ایف آئی اے کے مطابق انکوائری مکمل ہونے کے بعد ایف آئی اے نے ملزم کے خلاف امیگریشن آرڈیننس 1979کی دفعات18، 22اور تعزیرات پاکستان کی دفعہ 109کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

اسی طرح تیسری کارروائی میں اے ایچ ٹی سی اسلام آباد سرکل نے انسانی اسمگلر عمران سرور گرفتار کرلیا، ملزم نے بیرون ملک بھجوانے کے نام پر شہری سے 27 لاکھ روپے بٹورے، جنہوں نے امریکا اور سعودی عرب بھجوانے کا جھانسہ دیا تھا۔حکام نے کہا کہ چاروں ملزمان سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

PNP

Comments are closed.