7 مئی سے ملک میں ہیٹ ویو کی نئی لہر کا خطرہ، الرٹ جاری
کراچی (پی این پی) محکمہ موسمیات نے شہر میں جاری شدید گرمی کے تسلسل اور آئندہ دنوں میں مزید ہیٹ ویو کے خدشے سے آگاہ کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر ضیغم کے مطابق کراچی میں آج درجہ حرارت بڑھ کر 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، تاہم کل سے گرمی کی شدت میں کچھ کمی آنے کی توقع ہے اور پارہ تقریباً 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہ سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ موجودہ گرمی کی لہر مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی، اور سندھ کے دیگر علاقوں کی طرح کراچی میں بھی 7 مئی سے ایک نئی ہیٹ ویو آنے کا امکان ہے، جو شہریوں کے لیے مشکلات میں اضافہ کر سکتی ہے۔پیشگوئی کے مطابق 13 مئی کے بعد ایک بار پھر درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے، جس سے ماہِ مئی کے وسط میں بھی شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شدید دھوپ کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی اور او آر ایس کا زیادہ استعمال کریں، سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں تاکہ گرمی کے اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔
PNP
Comments are closed.