پنجاب: عید الضحیٰ، آلائشیں پھینکنے پر 50 ہزار روپے جرمانے کی منظوری
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید الضحیٰ کے موقع پر گلی، محلوں میں آلائشیں پھینکنے والوں پر 50 ہزار روپے جرمانے کی منظوری دے دی۔
لاہور میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِصدارت ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ صوبے میں عید الاضحیٰ پر صفائی کے فول پروف انتظامات کا پلان تیار کیا گیا ہے۔
اجلاس میں ممنوع مقامات پر باقیات اور آلائشیں پھینکنے کی روک تھام اور نگرانی کے لیے ویجلینس اسکواڈ قائم کر دیا گیا۔
وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے عوام کو ان مقامات پر باقیات اور آلائشیں پھینکنے سے روکنے کی ابلاغِ عامہ مہم چلانے کی ہدایت بھی کی گئی۔
پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ نے ہر شہر میں ڈرین، کینال اور دیگر مقامات کی خصوصی صفائی اور نگرانی کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے عید الاضحیٰ پر ریلوے کالونیز، پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز اور کنٹونمنٹ ایریاز میں صفائی کا اہتمام کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیرِ اعلیٰ نے پنجاب بھر میں نمایاں 2 ہزار 687 کمرشل مارکیٹوں کی صفائی کا خصوصی اہتمام کرنے کے احکامات بھی دیے۔
اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ عید الاضحیٰ پر باقیات اور آلائشیں ڈالنے کے لیے ڈی گریڈ ایبل شاپنگ بیگ مہیا کیے جائیں گے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نمازِ عید کے اجتماعات اور مساجد میں عرقِ گلاب کا اسپرے کیا جائے گا جبکہ عید صفائی آپریشن میں صوبے بھر میں 1 لاکھ 76 ہزار سینٹری ورکرز اور 8 ہزار سے زائد عارضی کارکن حصہ لیں گے۔
بریفنگ کے مطابق جانوروں کی باقیات اور آلائشوں کے لیے 3 ہزار 800 پرائمری کلیکشن سینٹرز قائم اور 3 ہزار 100 ڈمپنگ سائٹس مقرر کی جائیں گی جبکہ صوبے بھر میں باقیات اور آلائشوں کو تلف کرنے کے لیے 7 ہزار ڈمپنگ پوائنٹس بھی بنائے جائیں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ستھرا پنجاب عید آپریشن کے لیے صوبے بھر میں 4 ہزار 500 خصوصی کیمپ قائم کیے گئے ہیں، اس آپریشن کے لیے لوڈر رکشہ، منی ڈمپر، ٹریکٹر ٹرالی اور پک اپ ہائر کی جائیں گی۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے لیے ہیلپ لائن نمبر 1139 پر کال کرنے کی سہولت بھی ہو گی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر صفائی کے لیے 1 گورنمنٹ یونٹ بن کر کام کرنا ہے، اعلیٰ صفائی پر انعام اور ستائش جبکہ شکایات پر سزا اور جزا کا عمل ہو گا۔
PNP
Comments are closed.