A big honor for Hania Aamir, her name included in Forbes Asia’s ’30 Under 30′ list
پاکستان کی مقبول اداکارہ ہانیہ عامر نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرلیا ہے۔ ہانیہ عامر کو معروف کاروباری اور عالمی جریدے فوربس کی ’’30 انڈر 30 ایشیا 2026‘‘ فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے، جہاں انہیں انٹرٹینمنٹ اور اسپورٹس کیٹیگری میں نمایاں مقام حاصل ہوا ہے۔
فوربز کی جانب سے ہر سال جاری کی جانے والی یہ فہرست ایشیا بھر کے اُن نوجوان افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے جن کی عمر 30 برس سے کم ہو اور جنہوں نے اپنے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہوں۔ اس سال کی فہرست میں ہانیہ عامر کے ساتھ پاکستانی فلم ساز سمن کامران کا نام بھی شامل کیا گیا ہے۔
ہانیہ عامر گزشتہ ایک دہائی کے دوران پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں اپنی جگہ بنا چکی ہیں۔ حال ہی میں وہ 2 کروڑ سے زائد فالوورز کے ساتھ انسٹاگرام پر پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی خاتون شخصیت بن گئی ہیں، جو ان کی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔
اداکارہ کے حالیہ کامیاب منصوبوں میں سپر ہٹ ڈرامہ ’کبھی میں کبھی تم‘ شامل ہے، جبکہ وہ جلد پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ میں بھی نظر آئیں گی۔ ہانیہ عامر فنِ اداکاری کے ساتھ ساتھ پاکستان میں اقوام متحدہ کے خواتین کے ادارے کی نیشنل گڈول ایمبیسیڈر کی ذمے داریاں بھی نبھا رہی ہیں۔
دوسری جانب فلم ساز سمن کامران کو بھی فوربس کی اس باوقار فہرست میں جگہ ملی ہے۔ ان کے کام کا محور عموماً سماجی اور ماحولیاتی مسائل ہوتے ہیں۔ ان کی مختصر فلم The Bed She Made پاکستان کی واحد فلم تھی جسے بوسن انٹرنیشنل شارٹ فلم فیسٹیول کے لیے منتخب کیا گیا، جہاں فلم میں پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی اور تولیدی صحت سے متعلق مسائل کو اجاگر کیا گیا تھا۔ سمن اس سے قبل فلم ’’عمرو عیار: ایک نئی شروعات‘‘ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال فوربس کی انٹرٹینمنٹ کیٹیگری میں پاکستان کا کوئی نمائندہ شامل نہیں تھا، البتہ اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کھیلوں کے میدان میں اپنی شاندار کارکردگی کے باعث فہرست میں جگہ بنائی تھی۔
اس سے قبل بھی کئی پاکستانی شخصیات فوربز کی ’’30 انڈر 30‘‘ فہرست کا حصہ رہ چکی ہیں، جن میں فلم ساز بشریٰ سلطان، فیشن برانڈ کے بانی زین احمد، آرٹسٹ میشا جاپان والا اور گلوکارہ مومنہ مستحسن شامل ہیں۔
فوربس کی اس عالمی سطح کی فہرست میں شمولیت ہانیہ عامر کے لیے ایک اور بڑا اعزاز قرار دی جا رہی ہے، جبکہ مداح سوشل میڈیا پر انہیں اس کامیابی پر بھرپور مبارکباد دے رہے ہیں۔
PNP
Comments are closed.