by Rao Imran Suleman
Rao Nama

شہید خامنہ ای کی نماز جنازہ کب ہوگی؟ ایرانی خبر ایجنسی نے اہم اعلان کر دیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) تہران: ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق سابق رہبرِ اعلیٰ ایران آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نماز جنازہ اور تدفین کی رسومات عاشورہ محرم کے بعد ادا کیے جانے کا امکان ہے۔

ایرانی خبر رساں اداروں کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نماز جنازہ اور تدفین کے حتمی وقت اور تاریخ کا تاحال سرکاری طور پر اعلان نہیں کیا گیا۔ حکام کے مطابق متعلقہ ادارے جلد اس حوالے سے مکمل شیڈول اور انتظامات عوام کے سامنے پیش کریں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای 28 فروری 2026 کو تہران میں واقع اپنی رہائش گاہ کے کمپاؤنڈ پر ہونے والے ایک شدید حملے میں جان کی بازی ہار گئے تھے۔ ایرانی حکام نے اس حملے کی ذمہ داری امریکا اور اسرائیل پر عائد کی تھی، جبکہ سرکاری میڈیا نے اگلے روز ان کے انتقال کی تصدیق کی تھی۔

رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس واقعے کے بعد ایران کی سیاسی اور مذہبی قیادت میں اہم تبدیلیاں سامنے آئیں اور آیت اللہ خامنہ ای کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا رہبرِ اعلیٰ مقرر کیا گیا۔

حال ہی میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ حملے کے وقت وہ بھی خامنہ ای کے دفتر میں موجود تھے، تاہم وہ محفوظ رہے۔

ایرانی عوام، مذہبی رہنما اور مختلف حلقے نماز جنازہ اور تدفین سے متعلق باضابطہ اعلان کے منتظر ہیں، جبکہ عاشورہ کے بعد آخری رسومات کی تیاریوں کا سلسلہ جاری بتایا جا رہا ہے۔

آیت اللہ خامنہ ای کئی دہائیوں تک ایران کی سیاسی اور مذہبی قیادت کا مرکز رہے اور ملکی و علاقائی معاملات میں ان کا کردار انتہائی اہم سمجھا جاتا تھا۔

PNP

Comments are closed.