by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پٹرول 74 اور ڈیزل 67 روپے سستا، حکومت کا بڑا ریلیف

خطے کے معاشی دباؤ کے باوجود پاکستان میں ایندھن کا بحران نہیں آیا، وزیراعظم

0

اسلام آباد، 19 جون 2026 (ویب ڈیسک): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں 74 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لٹر کمی کا اعلان کر دیا۔

وزیراعظم کے مطابق پٹرول کی فی لٹر قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لٹر ہو جائے گی۔

اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں معاشی صورتحال میں بہتری اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کرنا اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا مکمل احساس ہے اور مشکل حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر وہ عوام کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بحران کے دوران وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ اور کفایت شعاری سے حاصل ہونے والی 129 ارب روپے کی بچت میں سے عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کرنے کے لیے وسائل استعمال کیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں معاشی دباؤ کے باوجود پاکستان میں توانائی کا بحران پیدا نہیں ہوا، نہ کہیں ایندھن کی قلت ہوئی، نہ لمبی قطاریں لگیں اور نہ ہی فیول راشننگ کی ضرورت پیش آئی۔ انہوں نے اس کا کریڈٹ بہتر منصوبہ بندی اور مؤثر حکومتی اقدامات کو دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے باہمی تعاون سے ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے میں مدد ملی، جس پر وہ تمام وزرائے اعلیٰ کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مہنگائی میں مزید کمی اور معاشی استحکام کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال میں امن کے قیام کو پاکستان کی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ثالثی کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے جو ایک تاریخی دستاویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پوری پاکستانی قوم کے لیے اعزاز ہے۔

وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور امن کوششوں میں شامل حکومتی ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے معاشی ٹیم، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور دیگر متعلقہ حکام کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.