by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ترقی سے پریشان عناصر عوامی خدمت کا سفر نہیں روک سکتے: میئر کراچی

کام بولتا ہے، مخالفین کی سیاست نہیں

0

کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کے ہر علاقے کی یکساں ترقی ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ بلاامتیاز تمام شہریوں کی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے۔

شیریں جناح کالونی میں گرین بیلٹ پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ترقیاتی منصوبوں کو سراہا جاتا ہے، مگر یہاں بعض عناصر عوامی فلاح کے منصوبوں پر بھی بے جا تنقید کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چاہے لیاقت آباد ہو، اورنگی ٹاؤن ہو یا شیریں جناح کالونی، کراچی کے ہر علاقے کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق جہاں آج خوبصورت گرین بیلٹ پارک قائم ہے، وہاں ماضی میں کچرے کا ڈھیر موجود تھا، تاہم منتخب بلدیاتی نمائندوں کی توجہ اور عملی اقدامات کے باعث اس مقام کو عوام کے لیے ایک بہترین تفریحی پارک میں تبدیل کر دیا گیا۔

میئر کراچی نے کہا کہ ماضی میں بلدیاتی نمائندے محدود نوعیت کی سرگرمیوں تک محدود تھے، جبکہ آج منتخب نمائندے شہری سہولیات کی بہتری، پارکس کی بحالی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی میں مزید ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری رہے گا، جن کے مثبت نتائج رواں سال شہریوں کو واضح طور پر نظر آئیں گے، جبکہ آنے والے دنوں میں عوام کے لیے مزید خوشخبریاں بھی سامنے آئیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.