by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کی مدد کے الزام پر رونالڈو کا ’لائک‘، نئی بحث کا آغاز

—فائل فوٹو

پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو ایک انسٹاگرام پوسٹ کو لائک کرنے کے بعد نئی بحث کا مرکز بن گئے، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فیفا نے ارجنٹینا کو 2026ء ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچانے میں مدد دی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اسکرین شاٹس کے مطابق رونالڈو کے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ @cristiano نے ہسپانوی ٹی وی پروگرام Espejo Público کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو کو لائک کیا تھا۔

ویڈیو میں صحافی پیلار روڈریگیز لوسانتوس نے دعویٰ کیا کہ ارجنٹینا کو ناک آؤٹ مرحلے میں کئی مواقع پر فائدہ پہنچایا گیا اور فیفا کی مبینہ مدد سے ٹیم فائنل تک پہنچی۔

صحافی نے کہا کہ ارجنٹینا ایسی ٹیم ہے جسے تقریباً 5 میچ پہلے ہی باہر ہو جانا چاہیے تھا، لیکن فیفا جو دنیا کے سب سے زیادہ متنازع اداروں میں سے ایک ہے نے اس کی مدد کی۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ فائنل میں اسپین صرف ارجنٹینا کے خلاف نہیں بلکہ فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کے خلاف بھی کھیل رہا ہوگا، کیونکہ فیفا مبینہ طور پر میسی کی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں برقرار رکھنا چاہتی تھی۔

اس واقعے نے ایک بار پھر رونالڈو اور لیونل میسی کے درمیان برسوں پرانے حریف ہونے کی نئی بحث چھیڑ دی ہے، کیونکہ دونوں کے مداح ہر ایسی سرگرمی پر گہری نظر رکھتے ہیں جو ایک دوسرے سے متعلق ہو۔

واضح رہے کہ پرتگال کا ورلڈ کپ میں سفر راؤنڈ آف 16 میں اسپین کے ہاتھوں اختتام پذیر ہوا تھا، جس کے بعد رونالڈو نے اعلان کیا تھا کہ یہ ان کا آخری فیفا ورلڈ کپ تھا۔



PNP

Comments are closed.