خواتین کوہ پیماؤں کا شاندار کارنامہ، 6 ہزار میٹر بلند خست گنگ چوٹی سر کرلی
ایبٹ آباد (پی این پی)خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والی 8 باہمت خواتین کوہ پیماؤں نے گلگت بلتستان کے ضلع شگر میں واقع 6 ہزار میٹر بلند برفانی چوٹی ”خست گنگ” کامیابی سے سر کر کے پاکستان کا نام روشن کر دیا،
اس شاندار کامیابی پر ملک کے دیگر حصوں کی طرح ہزارہ ڈویڑن کے عوام نے بھی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے باہمت خواتین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔خست گنگ کی دشوار گزار اور برف پوش چوٹی کو سر کرنے والی خواتین کوہ پیماؤں میں خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے علاقہ شنکیاری سے تعلق رکھنے والی خاتون کی بیٹی ماریہ خان، بلوچستان کی ملائکہ خلجی، اسلام آباد کی بسمہ حسن، پنجاب کی سعدیہ مقبول، فوٹوگرافر عائقہ غازی، گلگت بلتستان کی ذیب بتول اور بی افزوں شامل ہیں۔
اس مہم میں ہزارہ ڈویژن کے ضلع مانسہرہ کے علاقے شنکیاری سے تعلق رکھنے والی خاتون کی بیٹی کی شرکت نے علاقے کے عوام کی خوشی میں مزید اضافہ کیا ہے،خواتین کوہ پیماؤں نے شدید سردی، برفانی ہواؤں اور دشوار گزار راستوں کا مقابلہ کرتے ہوئے 6 ہزار میٹر بلند چوٹی پر کامیابی سے قدم رکھا،اس تاریخی کارنامے کے ذریعے انہوں نے ثابت کر دیا کہ عزم، حوصلے اور محنت کے سامنے کوئی بھی بلند چوٹی ناقابل تسخیر نہیں،خست گنگ چوٹی سر کرنے والی پاکستانی خواتین کوہ پیماؤں کی کامیابی کو ملک بھر میں سراہا جا رہا ہے ،ہزارہ ڈویژن کے عوام نے اس شاندار کامیابی پر خواتین کوہ پیماؤں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان بہادر خواتین نے نہ صرف پاکستان کا پرچم بلند کیا بلکہ ان لوگوں کے لئے بھی ایک واضح پیغام دیا ہے جو خواتین کو کمزور سمجھتے ہیں،پاکستانی خواتین نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ زندگی کے ہر شعبے، خصوصاً کوہ پیمائی جیسے مشکل اور خطرناک میدان میں بھی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
PNP
Comments are closed.