by Rao Imran Suleman
Rao Nama

حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف تحریک کا تیسرا فیز جمعہ سے شروع کرنے کا اعلان کر دیا

کراچی (پی این پی) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف تحریک کا تیسرا فیز جمعہ سے شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

نجی ٹی وی چینل ’’اے آر وائی نیوز‘‘ کے مطابق کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف جاری ہے، اس تحریک کا تیسرا فیز جمعہ سے شروع ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے شور مچانے سے فیول ریلیف پیکیج کا اعلان کیا گیا، ریلیف پیکیج بہت تھوڑا سا ہے جس سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہو رہا۔

انہوں نے کہا کہ ہم انتشار اور فساد نہیں پھیلانا چاہتے، وزیر اعظم شہباز شریف نے لیوی ٹیکس کا خاتمہ نہیں کیا تو ہر صورت اسلام آباد جائیں گے، پورے ملک میں بیک وقت مظاہرے اور دھرنے دیے جائیں گے۔

تقریب سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ نعمت اللہ خان کے دور میں کراچی کو بہترین طریقے سے ترقی دی گئی اور ان کے بعد چائنا کٹنگ نے شہر کو تباہ کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کو سب سے زیادہ ووٹ دیے اور مئیر بھی بنانا چاہا، لیکن پیپلز پارٹی نے مئیر شپ پر قبضہ کیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ کراچی میں پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے اس کی وجہ حکومتوں کی نااہلی ہے، یہ شہر پورے پاکستان کی معیشت چلاتا ہے لیکن یہاں پانی نہیں دیا جاتا، شہر میں صفائی ستھرائی کا نظام ٹاؤن و یوسیز کے پاس ہونا چاہیے، جماعت اسلامی کے ٹاؤن و یوسی چیئرمین نے اختیارات کے بغیر بلا تفریق کام کیا، نیو کراچی کے ٹاؤن چیئرمین کو کام سے روکا جاتا ہے لیکن وہ عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ابو تراب اسکول کا افتتاح کیا گیا جسے دیکھ کر پتا ہی نہیں چل رہا یہ سرکاری اسکول ہے، نیو کراچی ٹاؤن میں 5 ہزار تعلیمی کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔



PNP

Comments are closed.