بھارت سے برطانیہ جانیوالے طیارے میں تینوں پائلٹ فوڈ پوائزنگ کا شکار
لندن: برٹش ایئرویز نے بھارت کے شہر حیدرآباد سے لندن ہیتھرو جانے والی اپنی ایک پرواز کے تینوں پائلٹوں کی مبینہ فوڈ پوائزننگ کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدرآباد سے لندن جانے والی پرواز کے دوران ایک پائلٹ کی طبیعت 30 ہزار فٹ کی بلندی پر اچانک خراب ہو گئی، جس کے بعد اسے آکسیجن فراہم کی گئی۔ پرواز کی بحفاظت لینڈنگ کے بعد مذکورہ پائلٹ کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دیگر دو پائلٹوں نے پرواز مکمل کرائی، تاہم بعد ازاں ان میں بھی فوڈ پوائزننگ جیسی علامات ظاہر ہوئیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق تینوں پائلٹوں نے پرواز سے قبل حیدرآباد میں ایک ہوٹل کے لاؤنج میں ناشتہ کیا تھا، جبکہ انہوں نے ایک بیرونی کمپنی کا بوتل بند پانی استعمال کیا تھا۔ حکام مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ بیماری کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
برٹش ایئرویز نے اپنے بیان میں کہا کہ عملے کی صحت اور حفاظت کمپنی کی اولین ترجیح ہے۔ کمپنی نے بتایا کہ واقعے کے بعد متعلقہ ہوٹل اور عملے کی رہائش کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ایئرلائن کے مطابق تمام متاثرہ پائلٹوں نے ایئر سیفٹی رپورٹس جمع کرا دی ہیں اور طبی ماہرین نے بیماری کی وجہ جاننے کے لیے ان سے ضروری نمونے بھی حاصل کیے ہیں۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔
PNP
Comments are closed.