by Rao Imran Suleman
Rao Nama

امریکی سیاح تصویر بنواتے ہوئے 300 میٹر گہری کھائی میں گر کر ہلاک

اٹلی کے شمالی علاقے ڈولومائٹس میں تصویر لینے کیلئے امریکی سیاح تقریباً 300 میٹر گہری کھائی میں گر کر ہلاک ہوگئی۔

اطالوی میڈیا کے مطابق فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی 36 سالہ مشیل الیخاندرا روبیو لیوا گزشتہ ہفتے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ فورسیلا پورڈوئی کے قریب موجود تھی، جہاں مبینہ طور پر خوبصورت منظر کی تصویر لینے کے لیے نشان زدہ راستے سے ہٹتے ہوئے اس کا پاؤں پھسل گیا۔

رپورٹ کے مطابق وہ اپنے خاندان کے ساتھ ایک کیبل کار اسٹیشن کی جانب جا رہی تھی، جہاں سے اسے ساس پورڈوئی کی چوٹی پر واقع مشہور ریسٹورنٹ جانا تھا۔ حادثے کے وقت ان کا گروپ سطح سمندر سے تقریباً 9 ہزار فٹ بلندی پر تھا۔

مشیل الیخاندرا کی بہن نے حادثے کے بعد امدادی اداروں کو اطلاع دی، تاہم امدادی کارکنوں کی کوششوں کے باوجود مشیل کو جائے وقوع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔ حادثہ ہفتے کی دوپہر ساڑھے 12 بجے سے کچھ دیر قبل پیش آیا۔

گوئٹے مالا میں پیدا ہونے والی مشیل نے بریگھم ینگ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی تھی اور حال ہی میں میامی کی ایک کمپنی میں کمیونیکیشنز منیجر کے طور پر کام کرتی تھی۔ وہ مختلف رضاکارانہ منصوبوں میں بھی حصہ لے چکی تھی۔

خیال رہے کہ فورسیلا پورڈوئی، سیلا پہاڑی سلسلے کا حصہ ہے اور ڈولومائٹس کے یونیسکو عالمی ورثے میں شامل علاقے میں واقع ہے۔

PNP

Comments are closed.