by Rao Imran Suleman
Rao Nama

آبنائے ہرمز میں مداخلت پرایران کی امریکا کو سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکی

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ اگر امریکی فوج نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو حفاظتی حصار فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا تو مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی فوج کو سمجھ لینا چاہیے کہ آبنائے ہرمز میں جہازوں کو غیر قانونی سیکیورٹی فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھنے کی صورت میں خطے میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا کہ اس کی بحریہ نے خلیج میں تیل کی منتقلی میں مصروف چار جہازوں کو بیک وقت نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ان پر آگ بھڑک اٹھی۔

ایرانی حکام کے مطابق مزید تین جہاز آبنائے ہرمز کے مغربی حصے میں بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر متاثر ہوئے۔ تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کا ایک اہم ترین بحری راستہ ہے۔ جنگ سے قبل دنیا کی تقریباً پانچویں حصے کی تیل کی رسد اسی راستے سے گزرتی تھی۔ فراہم کردہ رپورٹ کے مطابق ایران نے امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے جواب میں مارچ سے اس راستے کو بند کر رکھا ہے۔

PNP

Comments are closed.