سلمان خان کاکروچ تحریک کی حمایت میں سامنے آگئے،پرتشدد واقعات پر اظہار افسوس
بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کروکچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کی قیادت میں ہونے والے طلبا کے احتجاج کی حمایت میں سامنے آگئے۔
ایکس پر جاری بیان میں سلمان خان نے طلبہ کے احتجاج کے دوران پیش آنے والے پرتشدد واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک نہایت پُرامن تحریک تھی اور یہ دیکھ کر دل بہت دکھا کہ یہ پرتشدد رخ اختیار کر گئی۔
انہوں نے کہا کہ جن طلبہ اور ان کے اہلِ خانہ کو اس دوران تکلیف یا نقصان پہنچا، ان کے ساتھ ان کی دلی ہمدردیاں ہیں۔
سلمان خان نے کہا کہ پرچہ لیک ہونا ایک نہایت سنگین مسئلہ ہے اور یہ خوش آئند بات ہے کہ ملک بھر کے طلبہ بہتر تعلیمی نظام کے مطالبے کے لیے متحد ہوئے جبکہ والدین نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
اداکار کے مطابق طلبہ نے اپنے مستقبل اور معیاری تعلیم کے لیے جس عزم، خلوص اور محنت کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابلِ ستائش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ احتجاج مکمل طور پر پرامن تھا اور طلبہ نے انتہائی ذمہ داری کے ساتھ اپنے مطالبات پیش کیے، جو ان کی بہادری اور تعلیم سے وابستگی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ یہ معاملہ صرف طلبہ اور تعلیمی نظام کے درمیان ہے، اس لیے اسے سیاسی رنگ نہیں دیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق اس تحریک کا اصل کریڈٹ صرف طلبہ کو ملنا چاہیے، جبکہ حکومت کو بھی ان کے مطالبات سن کر تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہییں۔
سلمان خان نے کہا کہ تعلیم کو ہی اگلا رجحان، اگلا فیشن اور سب سے بڑی ترجیح بننا چاہیے، اور ہر گزرتے سال کے ساتھ اس کی اہمیت اور مقبولیت میں اضافہ ہونا چاہیے، یہاں تک کہ دنیا بھر سے طلبہ تعلیم حاصل کرنے کے لیے بھارت آئیں اور بھارت ایک عالمی تعلیمی مرکز بن جائے۔
PNP
Comments are closed.