by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پیرس :فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک ،5 زخمی ،دہشتگردی کا شبہ

پیرس : مضافاتی علاقے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک شخص ہلاک ،5 دیگر زخمی ہو گئے ۔

حکام کے مطابق زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حکام کے مطابق مبینہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات دہشت گردی کے ممکنہ پہلو کو مدِنظر رکھتے ہوئے کی جا رہی ہیں۔

جمعے کو پیرس کے جنوب مغرب میں واقع ٹراپس اور قریبی لا ویریئر میں گاڑی سے فائرنگ کے کئی واقعات پیش آئے۔ وزیرِ داخلہ لوراں نونیز کے مطابق یہ سلسلہ تقریباً 15 منٹ تک جاری رہا۔ زخمیوں میں 12 سالہ ایک لڑکی بھی شامل ہے۔

حکام کے مطابق حملے کی وجہ تاحال واضح نہیں، تاہم قومی انسدادِ دہشت گردی استغاثہ دفتر کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ واقعہ دہشت گردی سے منسلک معلوم ہوتا ہے۔

ٹراپس کے میئر علی رابح نے کہا کہ ’جمعے کی صبح ایک شخص نے اپنی گاڑی سے ان تمام افراد پر فائرنگ کی جن کا اسے راستے میں سامنا ہوا۔ میئر علی رابح نے کہا کہ ملزم نے اندھا دھند فائرنگ کی اور بظاہر اس کا مقصد زیادہ سے زیادہ جانی نقصان پہنچانا تھا۔ وہ بڑے پیمانے پر قتلِ عام کرنا چاہتا تھا۔‘

عینی شاہدین کے مطابق مسلح شخص سرمئی رنگ کی رینالٹ کلیو گاڑی میں سوار ہو کر کئی محلوں سے گزرا۔

میئر کے مطابق حملہ آور نے قریبی لا ویریئر جانے سے پہلے ٹراپس میں ایک پٹرول سٹیشن، ایک طبی مرکز اور ایک کھیل کے میدان کے قریب لوگوں کو نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق مشتبہ شخص کو لا ویریئر میں شہر سے گزرنے والی مرکزی شاہراہ این 10 پر حراست میں لیا گیاہے۔

PNP

Comments are closed.