ایران جنگ میں ہلاک 4 امریکی فوجیوں کے نام پینٹاگون فہرست سےغائب
واشنگٹن: امریکی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ فوجی کشیدگی کے دوران ہلاک ہونے والے چار امریکی فوجیوں کے نام پینٹاگون کی جنگی ہلاکتوں کی مرکزی فہرست سے ہٹا کر ایک نئی درجہ بندی میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کے ڈیفنس کیژولٹی اینالیسس سسٹم، جسے فوجی ہلاکتوں اور زخمیوں کے سرکاری ریکارڈ کا اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے، میں گزشتہ ہفتے ان چار فوجیوں اور متعدد زخمی اہلکاروں کا اندراج تبدیل کیا گیا۔
بعد ازاں اسی نظام میں “اوورسیز آپریشنز” کے نام سے ایک نئی کیٹیگری شامل کی گئی، جہاں ان چار فوجیوں کے نام دوبارہ درج کیے گئے۔ اسی فہرست میں 207 زخمی اہلکاروں کا بھی اندراج موجود ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ واضح نہیں کیا گیا کہ 207 زخمی اہلکاروں میں سے تمام افراد ایران سے متعلق حالیہ فوجی کارروائیوں کے دوران زخمی ہوئے تھے یا ان میں دیگر بیرون ملک جاری فوجی آپریشنز کے متاثرین بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پینٹاگون نے اس تبدیلی کی باضابطہ اور تفصیلی وضاحت جاری نہیں کی، جس کے باعث جنگی ہلاکتوں اور زخمیوں کے سرکاری اعداد و شمار کی نئی درجہ بندی سے متعلق مختلف سوالات سامنے آ رہے ہیں۔
دفاعی امور کے مبصرین کا کہنا ہے کہ فوجی نقصانات کے سرکاری ریکارڈ میں اس نوعیت کی تبدیلیاں شفافیت اور عوامی اعتماد کے حوالے سے بحث کا موضوع بن سکتی ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی سرگرمیوں پر عالمی توجہ مرکوز ہے۔
امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی مزید باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی گئی ہے۔
PNP
Comments are closed.