by Rao Imran Suleman
Rao Nama

امریکی ایوانِ نمائندگان کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، علاقائی سیکیورٹی اور معاشی تعاون پر گفتگو

راولپنڈی: امریکی ایوانِ نمائندگان (ایوان زیریں) کے رکن مسٹر رایان کیتھ زِنکے اور مسٹر مائیکل جیمز نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال، دوطرفہ دفاعی تعاون اور معاشی شراکت داری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل نے پاکستان کی وسیع معاشی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار علاقائی استحکام کا انحصار معاشی ترقی، تجارت کے فروغ اور علاقائی رابطوں سے منسلک ہے۔

آرمی چیف نے ملک میں کاروباری ماحول کو سازگار بنانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے جاری ساختہ (اسٹرکچرل) اصلاحات سے وفد کو آگاہ کیا۔

امریکی وفد نے علاقائی سلامتی اور معاشی استحکام کے لیے پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔

گفتگو کے دوران دونوں جانب سے باہمی معاشی تعاون، پرائیویٹ سیکٹر کی شراکت داری اور باہمی تجارت کے حجم میں اضافے کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔

امریکی وفد نے گرمجوش مہمان نوازی پر عسکری قیادت کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان و امریکہ کے درمیان معاشی، تجارتی اور ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

PNP

Comments are closed.