by Rao Imran Suleman
Rao Nama

آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا مرحلہ، نتائج آنے کا سلسلہ جاری

فوٹو: فائل

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا۔ جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے جس کے ساتھ ہی نتائج آنے کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔ 

آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ ایل اے 14 باغ 1، ایل اے 15 باغ 2 ، ایل اے 16 باغ 3 اور حلقہ ایل اے 17 باغ 4 حویلی میں پولنگ ہوئی۔ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا۔

ایل اے 14 باغ 1:

ایل اے 14 ضلع باغ میں بڑا اپ سیٹ، تمام پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے، مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان اپنی آبائی نشست پر شکست کھا گئے، جموں و کشمیر دست و بازو پارٹی کے سردار ساجد اقبال کامیاب ہوگئے، ساجد اقبال نے 40 ہزار 702 ووٹ حاصل کیے۔ سردار عتیق 19 ہزار 542 ووٹ حاصل کر سکے۔

ایل اے 15 باغ 2:

ایل اے 15 باغ 2 کے 213 پولنگ اسٹیشنز میں سے 130 کے غیرحتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے ضیاء قمر 13500 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے مشتاق احمد منہاس 8400 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔ 

ایل اے 16 باغ 3:

حلقہ ایل اے 16 باغ 3 کے 186 پولنگ اسٹیشنز میں سے 123 کے غیرحتمی غیر سرکاری نتیجے میں مسلم لیگ ن کے سردار میر اکبر خان 13589 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے سردار قمر زمان خان 11355 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔

ایل اے17 باغ 4: 

ایل اے 17 باغ 4 کے 199 پولنگ اسٹیشنز میں سے 155 کا غیرحتمی غیر سرکاری نتیجہ سامنے آیا ہے جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے راجہ فیصل ممتاز راٹھور 27274 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر، مسلم لیگ ن کے چوہدری محسن عزیز 24656 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔

خیال رہے کہ انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 میں سے 9 نشستوں پر ن لیگ کامیاب ہوئی تھی جبکہ پیپلز پارٹی 4 نشستوں پر کامیاب ہوئی تھی۔

اسی طرح دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے جہاں مسلم لیگ (ن) نے مجموعی طور پر 15 اور پیپلز پارٹی 6 نشستوں پر کامیاب ہوئی۔



PNP

Comments are closed.