اسلام آباد مذاکرات میں امریکی منصوبہ قبول نہیں کیا گیا،کاظم غریب آبادی
تہران: ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ تہران نے ثالثوں کے ذریعے ہونے والے مذاکرات میں امریکی تجاویز کو مسترد کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں کاظم غریب آبادی نے دعویٰ کیا کہ ایران نے امریکا کے بعض مطالبات کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے ان تجاویز کو قبول نہیں کیا۔
انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کا آغاز اسلام آباد میں ہوا تھا، جہاں امریکی وفد کی جانب سے ایک منصوبہ پیش کیا گیا، تاہم ایرانی وفد نے اسے مسترد کر دیا۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کے مطابق امریکا نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اگر تجاویز منظور نہ کی گئیں تو مذاکرات کو ناکام تصور کیا جائے گا، جس کے بعد امریکی وفد بات چیت چھوڑ کر واپس چلا گیا۔
کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ایرانی وفد نے مذاکرات جاری رکھنے کے لیے کوئی درخواست نہیں کی، کیونکہ ایران اپنی سفارت کاری باوقار انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز سے متعلق پالیسی برقرار ہے۔ ان کے مطابق عمان کی جانب سے جہازوں کی آمد و رفت کے لیے ایک راستہ کھلا رکھنے کی تجویز بھی دی گئی تھی، جسے ایران نے قبول نہیں کیا۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جنگ کے آغاز سے ایران کی پالیسی واضح ہے اور وہ ایسی تجاویز قبول نہیں کرے گا جو اس کے اصولی مؤقف سے متصادم ہوں۔
PNP
Comments are closed.